پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو امبیڈکر سے موسوم کرنے لوک سبھا میں بی آر ایس کا مطالبہ

   

ایس ٹی تحفظات میں اضافہ کے لیے ناما ناگیشور راؤ کی توجہ دہانی
حیدرآباد۔/21ڈسمبر، ( سیاست نیوز) لوک سبھا میں بی آر ایس پارلیمانی پارٹی قائد ناماناگیشور راؤ نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ دستور میں ترمیمی بل پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ناما ناگیشورراؤ نے ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کی جانب سے نئی پارلیمنٹ کی عمارت سے متعلق مطالبہ کو دوہرایا۔ انہوں نے کہا کہ سارے ملک میں کمزور طبقات کا مطالبہ ہے کہ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر کے نام سے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو موسوم کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کو ڈاکٹر امبیڈکر سے موسوم کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر نے فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 75 سال گذرنے کے باوجود درج فہرست قبائیل انصاف سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درج فہرست قبائیل کے علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات اور فنڈز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج بھی کئی قبائیلی علاقوں میں عوام دو وقت کے کھانے سے محروم ہیں۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ایس ٹی طبقات کی ترقی کیلئے 2017 میں بل منظور کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت درج فہرست قبائیل کی ترقی میں سنجیدہ ہے تو اسے ایس ٹی طبقہ کے تحفظات میں اضافہ کی تجویز کو فوری منظوری دینی چاہیئے۔ تلنگانہ حکومت نے اسمبلی میں قرار داد منظور کرتے ہوئے مرکز کو روانہ کی ہے۔ انہوں نے ایس سی زمرہ بندی کیلئے مرکزی سطح پر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ر