پارٹی عہدوں سے محرومی پر رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی ناراض

   


الیکشن سے قبل اظہار خیال کروں گا، اسمبلی کیلئے مقابلہ کرنے کا عزم

حیدرآباد۔/11ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل میں ہائی کمان نے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو نظرانداز کردیا ہے۔ انہیں کسی بھی عہدہ سے محروم رکھا گیا۔ منوگوڑ کے حالیہ ضمنی چناؤ میں وینکٹ ریڈی نے کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیا تھا اور ان پر الزام ہے کہ کانگریس قائدین سے اپنے بھائی اور بی جے پی امیدوار راجگوپال ریڈی کی تائید کی خواہش کی تھی۔ پارٹی نے وجہ نمائی نوٹس جاری کی تھی جس کا انہوں نے جواب داخل کردیا ہے۔ پارٹی عہدوں سے محروم کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کیلئے انہوں نے وزارت کو چھوڑ دیا تھا اور پارٹی عہدوں کی ان کے پاس کوئی اہمیت نہیں ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ انتخابات سے ایک ماہ قبل سیاسی اُمور پر تبصرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نلگنڈہ حلقہ سے اسمبلی کیلئے مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرسلہ اور گجویل کی طرح نلگنڈہ میں ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر نہیں کئے۔ 2023 اسمبلی انتخابات کے پیش نظر وینکٹ ریڈی پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی میں عہدوں سے محرومی پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ رکن پارلیمنٹ ہونے کے باوجود انہیں پولٹیکل افیرس کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ انہیں پارٹی کی ہائی پاور کمیٹی میں شامل کیا جائے گا جس کا اعلان ابھی باقی ہے۔ دوسری طرف پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وینکٹ ریڈی کو مخالف پارٹی سرگرمیوں کے سبب عہدہ سے محروم رکھا گیا ہے۔ر