لندن : برطانیہ کی وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل میں کنزرویٹو پارٹی کے رہنماؤں بورس جانسن اور رشی سوناک نے ملاقات کی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ہفتہ کو دیر گئے اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں سے مختلف امور پر گفتگو کی۔سابق وزیراعظم بورس جانسن کریبین میں چھٹیاں گزارنے گئے ہوئے تھے مگر لِز ٹرس کے مستعفی ہونے کے بعد نئے وزیراعظم کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے واپس پہنچ گئے۔بورس جانسن کو رواں سال جولائی میں عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔سابق وزیر خزانہ رشی سوناک سے بورس جانسن کی اس ملاقات کے بارے میں سنڈے ٹیلیگراف نے لکھا ہے کہ دونوں نے اس بات پر غور کیا کہ ’ایک مشترکہ ٹکٹ‘ کے ذریعے ٹوری پارٹی میں ’خانہ جنگی‘ سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔دونوں رہنماؤں نے تاحال باضابطہ طور پر یہ اعلان نہیں کیا کہ وہ لِز ٹرس کے مستعفی ہونے کے بعد وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔جمعرات کو عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرنے والی لِز ٹرس صرف 44 دن تک وزیراعظم رہیں۔بورس جانسن کی رشی سوناک سے یہ گزشتہ چند ماہ میں ہونے والی پہلی ملاقات ہے۔