پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم میں بے قاعدگیوں پر سپریم کورٹ میں درخواست

   

سابق وزیر ناگم جناردھن ریڈی نے تحقیقات کی اپیل کی، چیف جسٹس سنجیو کھنہ نے تفصیلی سماعت سے اتفاق کیا
حیدرآباد 7 مارچ (سیاست نیوز) پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم میں مبینہ بے قاعدگیوں کی آزادانہ جانچ کی اپیل کرتے ہوئے سابق وزیر ناگم جناردھن ریڈی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ ناگم جناردھن ریڈی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم ایک وسیع تر پراجکٹ ہے لیکن اِس پر عمل آوری کے سلسلہ میں کئی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔ اُنھوں نے بے قاعدگیوں کی آزادانہ جانچ کی درخواست کی۔ سپریم کورٹ میں ناگم جناردھن ریڈی کی درخواست کے بعد متحدہ محبوب نگر ضلع کے لئے اہمیت کا حامل پالمور رنگاریڈی پراجکٹ قانونی کشاکش کا شکار ہوچکا ہے۔ درخواست گذار نے کہا ہے کہ پراجکٹ کی ڈیزائننگ اور دیگر معاملات میں مالیاتی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔ گزشتہ سال ڈسمبر میں بی ایچ ای ایل کمپنی کی جانب سے حلفنامہ داخل کیا گیا تھا جس میں لفٹ اریگیشن اسکیم کے لئے درکار آلات کی سربراہی اور اُس سے حاصل کردہ بلز کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ بی ایچ ای ایل کی جانب سے داخل کردہ حلفنامہ میں جو تفصیلات پیش کی گئی ہیں وہ درخواست گذار کے مطابق اُن کے الزامات کی تصدیق کرتی ہیں۔ مالیاتی بے قاعدگیوں کے الزامات درست ثابت ہورہے ہیں۔ ناگم جناردھن ریڈی کی جانب سے نامور وکیل پرشانت بھوشن نے عدالت میں بحث کی۔ اُنھوں نے بتایا کہ بی ایچ ای ایل کے حلفنامہ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کے ٹنڈر کو 3 گنا زائد مالیت سے منظوری دی گئی۔ چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی زیرقیادت بنچ نے ناگم جناردھن ریڈی کے حلفنامہ اور بی ایچ ای ایل کی جانب سے داخل کی گئی تفصیلات کا جائزہ لینے سے اتفاق کیا۔ خانگی ادارہ میگھا انڈسٹریز کی جانب سے سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم سے متعلق 3 درخواستیں تلنگانہ ہائیکورٹ میں مسترد کی جاچکی ہیں اور بعض درخواستیں زیرالتواء ہیں۔ سینئر ایڈوکیٹ مکل روہتگی نے کہاکہ درخواست گذار کے الزامات سچائی سے بعید ہیں۔ ناگم جناردھن ریڈی کے وکیل پرشانت بھوشن نے عدالت سے اپیل کی کہ بے قاعدگیوں کی فوری جانچ کی ہدایت دی جائے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ فریقین کی مکمل سماعت کے بعد اِس سلسلہ میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ چیف جسٹس نے اِس معاملہ کی آئندہ سماعت 13 مئی کو مقرر کی ہے۔ 1