’پانچ سال میں عوام سے بڑے پیمانے پر ناانصافی، اب میں انصاف کرنا چاہتا ہوں‘

,

   

مودی نے غریبوں کی دولت چھین کر انیل امبانی جیسے چوروں کے کھاتوں میںڈال دیا، راہول گاندھی کا خطاب

ڈونگر پور ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت گذشتہ پانچ سال کے دوران ناانصافی کی ہے لیکن وہ آئندہ پانچ سال کے دوران انصاف کرتے ہوئے اس رجحان کو بدلنا چاہتے ہیں۔ قبائیلی آبادی کے زیراثر حلقہ لوک سبھا ڈونگر پور کے علاقہ بینیشور دھام میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے یہ وعدہ بھی کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں اگر ان کی پارٹی کو اقتدار ملتا ہے تو آئندہ ایک سال کے دوران 22 لاکھ افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرتے ہوئے غربت کے خلاف سرجیکل حملہ کیا جائے گا۔ کانگریس کے صدر نے بانیشوردھام میں جہاں قبائیلیوں کا سالانہ میلا جاری ہے شیومندر میں پوجا بھی کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’’وزیراعظم مودی نے گذشتہ پانچ سال کے دوران قبائیلیوں کے ساتھ بہت ناانصافی کی۔ انہوں نے وعدوں کی تکمیل نہیں کی اور صرف 15 تا 20 دولتمند افراد کیلئے حکومت چلارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی گذشتہ پانچ سال سے ناانصافی کی ہے اور اب میں آئندہ پانچ سال کے دوران انصاف کرنا چاہتا ہوں‘‘۔ کانگریس کے صدر کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے عوام کے کھاتوں میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے سالانہ دو کروڑ روزگار فراہم کرنے اور کسانوں کو بہتر قیمت دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’گذشتہ پانچ سال کے دوران انہوں نے غریبوں، قبائیلیوں اور کمزور طبقات کے ساتھ ناانصافی کی اور اب کانگریس پارٹی آپ کے ساتھ انصاف کرنا چاہتی ہے۔ پانچ سال میں آپ سے جو کچھ چھینا گیا ہے ہم آپ کو اس سے کہیں زیادہ دینا چاہتے ہیں۔ وہ (بی جے پی) سرجیکل حملوں کے باتیں کررہے ہیں۔ ہم غربت پر سرجیکل حملے کریں گے‘‘۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وہ یہاں جھوٹ بولنے نہیں آئے ہیں بلکہ تعلقات کو مستحکم بنانے آئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم اپنے ذہن کے مطابق باتیں کرتے ہیں لیکن وہ (راہول گاندھی) اقل ترین آمدنی کی اسکیم (نیائے) روزگار اور کسانوں کی پریشانیوں جیسے مسائل پر سچ بیانی کرنا چہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’سالانہ دو کروڑ ملازمتیں، کھاتوں میں 15 لاکھ روپئے کی باتیں جھوٹ تھیں لیکن میں آپ کے کھاتوں میں 72,000 روپئے سالانہ جمع کرنے اور ایک سال کے دوران 22 لاکھ ملاززتیں دینے کا وعدہ کررہا ہوں اور پنچایت سطحوں پر 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کئے جائیں گے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کسی بھی ملک میں غریبوں کے کھاتوں میں راست طور پر رقم جمع نہیں کروائی گئی لیکن یہ پہلا موقع ہوگا کہ کسی حکومت کی طرف سے ملک کے غریبوں کے کھاتوں میں براہ راست رقم جمع کروائی جائے گی۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ ’’نریندر مودی‘‘ راست طور پر انیل امبانی جیسے کئی چوروں کے کھاتوں میں کئی لاکھ کروڑ روپئے جمع کرچکے ہیں۔ میں ان (انیل امبانی اور دوسروں) کے کھاتوں سے یہ رقم نکال کر آپ (عوام) کے کھاتوں میں جمع کرنا چاہتا ہوں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’نوٹ بندی اور جی ایس ٹی پر عمل آوری کے سبب گذشتہ پانچ سال کے دوران آپ کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے‘‘۔ راہول گاندھی نے کہا کہ 70 سال میں پہلی مرتبہ 15 افراد غریبوں، قبائیلوں اور کمزور طبقات کے ایک لاکھ کروڑ روپئے لوٹ کر بیرون ملک سے فرار ہوچکے ہیں۔