پانچ یورپی ممالک روانڈا میں ملک بدری مرکز قائم کریں گے

   

برلن ۔ 16 نومبر (ایجنسیز) جرمنی سمیت پانچ یورپی ممالک اپنے ہاں سے مسترد شدہ پناہ گزینوں کو ملک بدر کرنے کے لیے روانڈا میں ایک مرکز قائم کرنے کے منصوبہ کا اعلان کرنے والے ہیں۔ یہ بات اس منصوبہ سے واقف دو ذرائع نے بتائی۔ جرمنی، آسٹریا، یونان، ڈنمارک اور نیدرلینڈز نے ستمبر میں کہا تھا کہ وہ یورپی یونین سے باہر کسی ملک کے ساتھ نام نہاد واپسی مراکز (Return Hubs) قائم کرنے کے معاہدہ پر کام کر رہے ہیں۔ یہ اقدام غیر قانونی ترک وطن پر قابو پانے اور ملک بدریوں میں اضافے کی وسیع تر یورپی کوششوں کا حصہ ہے۔ ویانا میں پیر 16 نومبر کو متوقع طور پر اعلان کیے جانے والے اس معاہدہ کے بعد یورپی یونین کے نئے ضابطہ برائے واپسی (ریٹرنز ریگولیشن) کی منظوری عمل میں آئی ہے، جس کا مقصد ملک بدری کے عمل کو تیز کرنا اور رکن ممالک کو یورپی بلاک سے باہر واپسی مراکز قائم کرنے کی اجازت دینا ہے۔ یورپی یونین کے کئی ممالک میں انتخابات قریب آنے اور تارکین وطن مخالف جذبات میں اضافے کے باعث حکومتوں پر یہ ثابت کرنے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ ترک وطن کے مسئلے پر قابو پا سکتی ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ملک بدری مراکز اسی عزم کا نمایاں اظہار ہیں۔ یہ منصوبہ برطانیہ کے ترک کردہ روانڈا ملک بدری منصوبہ سے مختلف ہے، کیونکہ اس کا اطلاق صرف ان تارکین وطن پر ہوگا جن کے یورپی یونین میں قیام کے تمام قانونی راستے ختم ہو چکے ہیں، نہ کہ ان افراد پر جن کی پناہ کی درخواستوں پر ابھی کارروائی جاری ہے۔