پانی کا شدید بہاؤ۔ نہر میں دو افراد بہہ گئے

   

حیدرآباد۔20 اکتوبر (یواین آئی) نہر پارکرنے کے دوران پانی کے شدید بہاو کے نتیجہ میں دو افراد پانی میں بہہ گئے ۔یہ واقعہ آندھراپردیش کے ضلع ستیہ سائی کے چنورمیں پیش آیا۔اس واقعہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگیاجس میں دکھایاگیا ہے کہ دو افراد بائیک پر نہر کو پارکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔نہر کے آدھے راستے میں پانی کے شدیدبہاو کے پیش نظر بائیک چلانے والے نے اس کا توازن کھودیا اور یہ دونوں بائیک سے پھسل کر پانی میں گرگئے ۔یہ منظردیکھنے والاایک شخص وہاں پہنچا اور ایک شخص کو پانی میں بہنے سے بچانے میں کامیابی حاصل کی جبکہ بائیک اور دوسراشخص پانی میں بہہ گئے ۔شدید بارش کے سبب دھرماورم میں نہروں اورتالابوں کی سطح میں غیرمعمولی اضافہ دیکھاگیا۔پولیس اور میڈیا کی جانب سے کئی انتباہ کے باوجود ہنوز کئی افراد سیلاب کے سلسلہ میں پانی کی سطح میں اضافہ پر لاپرواہ رویہ اختیارکرتے ہوئے شدید بہاو کے باوجود بائیکس اور دیگر گاڑیوں کے ذریعہ نہروں کو پارکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔