پانی کو روکنے کی کوشش کو جارحانہ عمل سمجھیں گے: پاکستان

   

اسلام آباد ۔ 17 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج کہا کہ اسے تین مغربی دریاؤں پر خاص حقوق حاصل ہیں اور ہندوستان کی جانب سے ان دریاؤں کا پانی موڑنے کی کوئی بھی کوشش جارحانہ عمل سمجھی جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ محمد فیصل نے یہاں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران یہ ریمارکس اس سوال کے جواب میں کئے جو پاکستان کو جانے والے پانی کو روک دینے سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ انتباہ پر کیا گیا۔ ہریانہ میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب میں مودی نے کہا تھا کہ ان کی حکومت پاکستان کی طرف بہنے والے پانی کو روک کر ریاست کو فائدہ پہنچائیں گے ۔ فیصل نے دریاؤں کا نام لئے بغیر کہا کہ ان سے آنے والے پانی پر پاکستان اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوسکتا۔