پانی کے تحفظ کو زندگی کا منتر بنانے کی ضرورت:مودی

,

   

وزیر اعظم نے ’جل جیون مشن ایپ‘ لانچ کیا‘ہر گھر کو نل حکومت کی ترجیح
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر شہری سے ملک میں پانی کے تحفظ کی اہمیت کو سمجھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی زندگی کی بنیاد ہے، اس لیے پانی کی بربادی روکنے کے لیے انفرادی سطح پر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ پی ایم مودی نے ہفتہ کو جل جیون مشن پر منعقدہ ایک پروگرام میں جل جیون مشن ایپ کا آغاز کیا اور کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیح ملک کے دیہی علاقوں میں ہر گھر کو نل کے پانی کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کی خواتین روزانہ کئی کلو میٹر دور جا کر تالابوں اور ندیوں سے پانی لاتی ہیں، آج تک کسی نے اس پر توجہ نہیں دی، لیکن انہوں نے جل جیون مشن شروع کیا ہے، اس سے گاؤں کے ان لوگوں کی زندگی بہت آسان ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ 2019 میں انہوں نے جل جیون مشن شروع کیا تھا اور اس وقت ملک میں محض تین کروڑ گھروں کو نل کے پانی تک رسائی حاصل تھی، لیکن آج 5 کروڑ گھرانوں کو نل کا پانی مل رہا ہے اور 2024 تک اس مشن کو پورا کرکے ملک کے تمام دیہی علاقوں کے لئے ہر گھر تک نل سے پانی دستیاب کرایا جائے گا۔ اگر لوگوں کو گاؤں میں صاف پانی ملے گا تو ان پر بیماریاں حاوی نہیں ہوں گی اور دیہی معیشت مضبوط ہوگی۔اس مقصد کیلئے حکومت نے دو لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم گرام پنچایتوں کی نشاندہی کر کے گرام سوراج کی گاندھی جی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن ایپ جاری کیا گیا ہے۔ اس سے جل جیون مشن سے متعلق تمام معلومات دستیاب ہوں گی اور یہاں تک کہ پانی کے معیار کی معلومات بھی اس ایپ میں ہوگی۔ ایپ میں، گاؤں میں نل سے پانی پہنچانے سے متعلق مکمل تفصیلات دستیاب ہوں گی۔