پاکستانی نژاد امریکی آگ سے متاثرہ لوگوں کی مددمیں پیش پیش

   

نیویارک: پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم لاس اینجلس میں لگی آگ کے متاثرہ لوگوں کو نہ صرف امداد پہنچا رہی ہے بلکہ جلد ہی ہیلتھ کیمپ بھی قائم کرے گی جہاں لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ منگل کو اپنا کے نام سے موسوم پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی شمالی امریکہ کی تنظیم نے لاس اینجلس میں ایک ڈسٹری بیوشن سنٹر کے ذریعہ مزید امداد بھیجی۔ تنظیم کے عہدیدار ڈاکٹر نصرم اقبال نے بتایا کہ اپنا نے اپنے ایمرجنسی فنڈ سے پہلے ہی ہزاروں ڈالر کی امداد جاری کردی ہے جو امریکی مسلمانوں کی ریلیف تنظیم اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کی امدادی ٹیموں کے ذریعہ متاثرہ شہریوں کو پہنچائی جارہی ہے۔ ڈاکٹر اقبال جو ’’اپنا سوشل ویلفیئر اینڈ ڈیزاسٹر ریلیف کمیٹی‘‘کی چیرمین ہیں کہتے ہیں کہ تنظیم امدادی ضروریات کا جائزہ لے رہی ہے اور اگلے ہفتے ایک فنڈزاکٹھا کرنے کی تقریب منعقد کر رہی جس میں ملک بھر سے پاکستانی ڈاکٹر آفت کی صورت حال میں بھرپور طریقہ سے حصہ ڈالیں گے۔ انہوں نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ کام پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں، پاکستانی امریکی شہریوں اور ڈاکٹروں کی حیثیت سے کر رہے ہیں کیونکہ اس وقت بے گھر ہونے والے لوگوں کو ہر طرح کی مدد کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر اقبال اپنا کی موجودہ صدر ڈاکٹر حمیرہ قمر اور اگلے سال کے منتخب صدر بابر روف کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ تنظیم کی طرف سے متاثرہ افراد کی مالی اور صحت کے حوالے سے ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئا ریلیف اور اور رضاکارانہ خدمات کا ایک پروگرام ترتیب دیا جائے۔ہم پہلے ہی تقریباً 2500 افراد کو تازہ خوراک مہیا کر چکے ہیں جبکہ ہیلتھ سنٹرز کے ذریعہ تمام عمر کے افراد کو طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت کیونکہ آگ بھڑکی ہوئی ہے حکومت صرف فرسٹ ریسپانڈرز کو اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے متاثرہ علاقوں میں جانے دیتی ہے جبکہ صحت اور دوسری خدمات کے لیے لوگوں کو محفوظ مقامات پر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔