پاکستانی کرنسی کی قدر فی ڈالر 148 روپئے

   

روپیہ کی قدر میں تاریخی گراوٹ ، مہنگائی مزید بڑھنے کے اندیشے
اسلام آباد ، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی کرنسی جمعرات کو امریکی ڈالر کے مقابل اب تک کی نچلی سطح پر آگئی جب اس کی قدر انٹر بینک مارکیٹس میں 148 روپئے فی ڈالر تک گھٹ گئی۔ یہ معاشی تنگی کے بوجھ تلے پریشان پاکستان کیلئے ایک او رجھٹکہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق آنے والے دنوں میں روپیہ مزید کمزور ہوسکتا ہے۔ ایسا ہونے پر پاکستان میں مہنگائی اور تیزی سے بڑھنے کا اندیشہ ہے کیونکہ پاکستان اپنی ضرورت کا زیادہ تر خام تیل بیرون ملک سے خریدتا ہے۔ ساتھ ہی کئی روزمرہ کے استعمال میں آنے والی چیزیں بھی بیرونی ممالک سے منگوائی جاتی ہیں۔ اس پس منظر میں پاکستان کی عمران خان زیرقیادت حکومت کیلئے اِمپورٹ مہنگا ہوجائے گا۔ لہٰذا مہنگائی اور تیزی سے بڑھ سکتی ہے۔ ایک اخباری اطلاع میں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف کیساتھ سمجھوتے کے بعد حاصل پیکیج سے کرنسی بازار پر دباؤ بڑھا ہے۔ ٹریڈرس کا کہنا ہے کہ ابھی تک حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ کی شرطوں کا انکشاف نہیں ہوا ہے۔ اس لئے کاروباریوں اور سرمایہ کاروں میں تشویش ہے۔ چنانچہ وہ تیزی سے روپیہ بیچ رہے ہیں۔