جے پور،16نومبر (آئی اے این ایس) راجستھان کے ضلع شری گنگا نگر میں مسافر ٹرین کو دھماکے سے اڑانے کی مبینہ سازش کے معاملے میں اے ٹی ایس نے پنجاب کی21 سالہ خاتون مہک دیپ کور اور اس کے بوائے فرینڈ دیویندر سنگھ (23 سالہ) کو گرفتار کیا ہے۔ تحقیقات کے مطابق پاکستانی ہینڈلرز نے خاتون کو محبت اور رقم کا لالچ دے کر اپنے جال میں پھنسایا، جس کے بعد اس نے شادی اور رقم کا وعدہ کرکے اپنے بوائے فرینڈ کو بھی سازش میں شامل کرلیا۔اے ٹی ایس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دنیش ایم این نے بتایا کہ یہ سازش مبینہ طور پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی ہدایت پر تیارکی گئی تھی۔ ملزمین کو 2.23 لاکھ روپے دیے گئے اور ویڈیو کال کے ذریعے آئی ای ڈی نصب کرنے اور ٹائم بم تیارکرنے کی تربیت فراہم کی گئی۔تحقیقات کے مطابق مہک دیپ کا رابطہ اپنے سابق شوہرکے ذریعے پاکستان میں مقیم ایک اسمگلر سے ہوا تھا، جس نے اسے شاہ نامی شخص سے ملوایا۔ شاہ نے مبینہ طور پر اس سے محبت کا تعلق قائم کیا اور ریلوے ٹریک پر دھماکہ کرنے کے لیے آمادہ کیا۔ بعد میں ایک پاکستانی ہینڈلر نے ویڈیو کال کے ذریعے دونوں ملزمین کو کارروائی کی ہدایات دیں۔ اے ٹی ایس کے مطابق ملزمین نے اکتوبر میں دو مرتبہ دھماکہ کرنے کی کوشش کی، لیکن تکنیکی خرابیوں کے باعث ناکام رہے۔ تیسری کوشش میں3 نومبر کی شام شری گنگا نگر کے 50 جی بی گاؤں کے قریب ریلوے ٹریک پر ٹائم بم نصب کیا گیا۔ رات 9:45 بجے زوردار دھماکہ ہوا، جس سے پٹریوں کے درمیان گڑھا پڑگیا اور دو ریلوے سلیپر تباہ ہوگئے۔ ٹرینوں کی آمدورفت تقریباً 10 گھنٹے متاثر رہی، تاہم مسافر ٹرین دھماکے سے پہلے وہاں سے گزر چکی تھی۔ دنیش ایم این کے بموجب ملزمین کی شناخت کے لیے 5 لاکھ سے زائد موبائل ریکارڈ اور 200 سے زیادہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا گیا۔