پاکستان جاکر اسلام قبول کرکے شادی کرنیوالی انجو دہلی واپس

   

نئی دہلی : محبت کی خاطر ہندوستان سے پاکستان جاکر اسلام قبول کرنے اور اپنے فیس بک دوست سے شادی کرنے والی انجو چار ماہ کیلئے اپنے وطن واپس آئی ہیں۔ انجو 22 جولائی کو پاکستان پہنچی تھیں اور اسلام قبول کرکے اپنا نام فاطمہ رکھ لیا جس کے بعد اپنے فیس بک دوست نصر اللہ سے شادی کی تھی تاہم اب فاطمہ واہگہ بارڈر کے راستے واپس ہندوستان پہنچ گئیں۔شوہر نصر اللہ نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی اہلیہ فاطمہ ضروری کارروائی کیلئے ہندوستان گئی ہیں۔ وہ اپنے سابق شوہر اروند سے طلاق لیں گی اور بچوں کو ساتھ لے کر پاکستان آئیں گی۔عین ممکن ہے ضرورت پڑنے پر وہ بھی ہندوستان جائیں گے۔انجو جب دہلی ایئرپورٹ پر پہنچیں تو میڈیا نے سوالات کی بوچھاڑ کردی۔ انجو نے ایسے تمام سوالات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نہ تو میرا تعلق پاکستان کی کسی ایجنسی سے ہے اور نہ مجھ سے وہاں زبردستی کی گئی۔ میں اپنی مرضی سے گئی تھی۔انجو نے کہا کہ میں نے اسلام بھی اپنی مرضی سے قبول کیا اور فیس بک کے اپنے دوست نصر اللہ سے پسند اور مرضی سے شادی کی۔ مجھ پر کوئی دباؤ نہیں تھا۔