’پاکستان جیسے دہشت گرد ملک کی نقالی کی ضرورت نہیں‘

   

گیت میرا ہے ، پاکستانی فوج نے میرے گیت کی نقالی کی ہوگی ، راجہ سنگھ کا دعویٰ

حیدرآباد ۔ 15 اپریل ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں بی جے پی کے واحد رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے پاکستانی فوج کے اس الزام کی تردید کی ہے کہ انہوں نے اُس ( پاکستانی فوج) کے ترانہ کی نقل کی ہے اور کہا کہ کسی کو پاکستان جیسے دہشت گرد ملک سے کسی چیز کی نقالی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ پاکستانی فوج نے اتوار کو ہندوستان سے کہا تھا کہ سچ گوئی کیلئے پاکستان کی ستائش و تقلید کی جائے ۔ پاکستانی فوج نے بی جے پی کے اس رکن اسمبلی کا بھی مذاق اڑایا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ اس ہندوستانی سیاستداں ( راجہ سنگھ) نے اس کے ترانہ کی نقالی کی ہے اور اس کو ہندوستانی مسلح افواج سے معنون کیا ہے ۔ راجہ سنگھ نے جو حیدرآباد کے حلقہ اسمبلی گوشہ محل کی نمائندگی کرتے ہیں ٹوئیٹر پر لکھا تھا کہ ’’ میرا ایک نغمہ 14 اپریل کو 11:45 بجے دن رام نومی کے موقع پر جاری کیا جائے گا جو ہمارے ہندوستانی مسلح افواج سے معنون کیا جائے گا ۔ تاہم جیسے ہی انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنا نغمہ جاری کیا ، پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا کہ یہ نغمہ اس کا ہے جو 23مارچ کویوم پاکستان کے موقع پر اس کے شعبہ ذرائع ابلاغ نے جاری کیا تھا ۔ پاکستانی فوج کیلئے یہ ترانہ صابر علی بگا نے لکھا تھا ۔ پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجہ سنگھ نے یہ ترانہ ’’پاکستان زندہ باد ‘‘کی نقالی کی تھی اور اس کو ’’ ہندوستان زندہ باد ‘‘ کے طور پر تبدیل کرتے ہوئے ریکارڈنگ کی تھی ۔