پاکستان فروری تک ’’گرے لسٹ‘‘ میں رہے گا

   

اسلام آباد۔ 16 ۔ ا کتوبر (سیاست ڈاٹ کام) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے آئندہ برس فروری تک پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ساتھ ہی ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو دہشت گردی کے لیے مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے مکمل خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔پیرس میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت پر قابو پانے سے متعلق پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔تاہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کو آئندہ 4 ماہ میں دہشت گردی کے لیے مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے خاتمے سے متعلق مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔واضح رہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی ’گرے لسٹ‘ سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے جسے گزشتہ برس منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خاتمے میں غیر مطمئن اقدامات کی وجہ سے شامل کیا گیا تھا۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس اب پاکستان سے متعلق حتمی فیصلہ فروری 2020 میں کرے گا۔