پاکستان مسلم لیگ (ق) کے قائدین منی لانڈرنگ میں ملوث: نیب

   

اسلام آباد۔پاکستان میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ق) کے دو سینئر لیڈروں چودھری شجاعت حسین اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چودھری پرویز الٰہی پر منی لانڈرنگ اور غیرقانونی طورپر دولت جمع کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔لیڈروں سے پوچھ گچھ کے خلاف چودھری برادران کی مشترکہ درخواست پر نیب کی اینٹی کرپشن باڈی کی طرف سے لاہور ہائی کورٹ میں دیئے گئے جواب میں یہ بات کہی گئی۔بیورو نے کہا کہ اب تک کی تحقیقات سے ظاہر ہوا ہے کہ 1985 سے 2018 کے درمیان مسٹر شجاعت حسین اور ان کے اہل خانہ کے اثاثوں میں 2.556 ارب روپے تک اضافہ ہوا ہے ۔ سال 1985 میں تقریبا ً20 لاکھ روپے مالیت والے ان کے حصص بھی 20 لاکھ روپے سے بڑھ کر 50 کروڑ روپے سے زائد کے ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2004 کے بعد سے مسٹر شجاعت حسین کے بینک کھاتوں میں بیرون ملک سے 58.1 کروڑ روپے وصول ہوئے ہیں۔روزنامہ ’’ڈان ‘‘میں شائع ہونے والی نیب کی ایک رپورٹ کے مطابق ابتداء میں پانچ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی کہ جنہوں نے مسٹر حسین کے اکاؤنٹ میں پیسے جمع کرائے تھے لیکن انہوں نے یہ پیسے جمع کرنے کی بات قبول نہیں کی تھی۔