پاکستان میں انٹرنیٹ بند ہونے پر امریکہ اور مختلف عالمی تنظیموں کی تشویش

   

اسلام آباد : پاکستان میں گزشتہ تین روز سے جاری انٹر نیٹ کی بندش پر امریکی قانون سازوں اور انسانی و شہری حقوق کی عالمی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ منگل کو سابق وزیرِ اعظم عمران کی گرفتاری کے بعد پاکستان میں احتجاجی مظاہروں اور ہنگامہ آرائی کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھاریٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں موبائل پر انٹرنیٹ کی فراہمی بند کردی تھی جب کہ دیگر انٹرنیٹ سروسز بھی متاثر ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ جب تک گھروں اور املاک کو تباہ کرنے والوں اور انہیں اشتعال دلانے والوں کو گرفتار نہیں کرلیا جاتا انٹرنیٹ کی بندش جاری رہے گی۔ امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ تعلقات نے کہا ہے کہ پاکستان کی صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی تائید کرتے ہیں۔کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر بوب میننڈیز نے اپنے بیان میں پاکستان حکومت پر انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کے لیے بھی زور دیا ہے۔