پاکستان میں جلد ہی بین الاقوامی کرکٹ ہوگی:رچرڈسن

   

دبئی ۔18 مارچ۔ (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی صحیح سمت میں جانب گامزن ہے۔ پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) 2019 کا فائنل دیکھنے کے لیے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کرنے والے آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے بہت اچھے اقدامات کیے گئے ہیں۔ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی صحیح سمت کی جانب گامزن ہے، جبکہ پی ایس ایل کے لیے کیے جانے والے اقدامات بھی قابلِ تعریف ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان کرکٹ نے احسن اقدامات اٹھائے۔آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کی پیروی کرناچاہیے۔ہند۔پاک کرکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ ’پاکستان اور ہندوستان کی سیریز کا معاملہ دونوں ٹیموں کے درمیان ہے۔ یاد رہے کہ 10 برس قبل سری لنکائی ٹیم پر ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہیں حالانکہ پی سی بی نے اس عرصے میں زمبابوے اور ورلڈ الیون ٹیم کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی خاتون ٹیم کی بھی میزبانی کی ہے تاہم ہنوزکوئی بڑی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کی ہے۔