پاکستان میں خوفناک سڑک حادثہ ،41 افراد ہلاک

   

مسافربس پل سے ندی میں گرنے کے بعد شعلہ پوش ہوگئی

اسلام آباد : پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثے میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔ لسبیلہ میں اتوار کی صبح ایک بس گہری ندی میں گر پڑی اور آگ لگنے سے 41 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ لسبیلہ کی اسسٹنٹ کمشنر حمزہ انجم نے بتایا کہ بس کو حادثہ کوئٹہ سے کراچی جاتے ہوئے 48 مسافروں کے ساتھ پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ لسبیلہ میں یو ٹرن لیتے ہوئے بس پل کے پلر سے ٹکرا کر ندی میں جاگری اور آگ لگ گئی، حادثے کی وجہ تیز رفتاری تھی۔ حمزہ انجم نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹسٹ کرایا جائے گا اور زخمیوں کو لسبیلہ ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔اس حادثہ میں کچھ اور لوگ بھی ہلاک ہو سکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ سے 17 نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور بس پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور گاڑی پل کے پلر سے ٹکرا کر ندی میں گر گئی۔ فائر فائٹرز اور اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔