پاکستان میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد منظور

   

اسلام آباد: پاکستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا (سینٹ)میں 8فروری کو ہونے والے انتخابات معطل کرنے کے حوالے سے قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔سرکاری نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویڑن (پی ٹی وی) نے رپورٹ کیا کہ ایوان بالا میں 8 فروری 2024 کے انتخابات معطل کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی ہے، قرارداد خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے آزاد سینیٹر دلاور خان نے پیش کی۔سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ ملک کے بعض علاقوں میں شدید سردی کا موسم ہے، سیاسی جماعتوں نے اپنی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔دلاور خان نے کہا کہ جے یو آئی ف کے ارکان اور محسن داوڑ پر بھی حملہ ہوا، کے پی اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے ہوئے ہیں جب کہ ایمل ولی کو بھی تشویش ہے۔ انٹیلی جنس ایجنسیز نے ریلیوں پر حملوں کا سکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے۔ سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ کرونا کا معاملہ بھی اس وقت ہے، آٹھ فروری کو انتخابات ملتوی کرنے چاہئے۔سینیٹ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان نے قرارداد کی مخالفت کی۔ وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی قرارداد کی مخالفت کی تاہم سینیٹ نے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کر لیا۔واضح رہے کہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے گذشتہ روز برطانوی جریدے دی اکانومسٹ میں شائع ایک مضمون سے عندیہ ملتا ہے کہ سابق وزیر اعظم کو شدید شکوک وشبہات ہیں کہ آیا آئندہ انتخابات ہوں گے یا نہیں۔