پاکستان میں گھریلو تنازعہ ،10افراد کے بہیمانہ قتل کا سبب بن گیا

   

ملتان، یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شہر ملتان میں ایک گھریلو تنازعہ پر ملزم نے باپ کے ساتھ مل کر فائرنگ کی اور گھر کو آگ لگا کر 10 افراد کو قتل کردیا جس پر دو ملزمان کو گرفتار کیاگیاہے ۔‘ایکسپریس ٹربیون’ کے مطابق ملتان کے علاقے حسن آباد کے قریب داماد اور سسر کے درمیان تنازعہ ہوا جس میں داماد نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بیوی، ساس اور ان کے گھر کے دیگر افراد کو فائرنگ اور کمرے میں بند کرکے گھر کو آگ لگا کر 10 افراد کو جان سے مار دیا۔ امدادی ادارے کے مطابق لڑائی کے دوران تین افراد صائم حسن، علی رضا اور لعل محمد زخمی بھی ہوئے جنہیں نشتر ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔آئی جی پنجاب کیپٹن (رٹارئرڈ) عارف نواز خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او ملتان کو فوری موقع پر پہنچنے اور تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی ہدایت دی جس کے بعد سی پی او جائے وقوع پہنچ گئے ۔یہ دلدوز واقعہ ناجائز تعلقات کا شاخسانہ سمجھا جارہا ہے۔