پاکستان میں ہندوستانی اشیا کی تقسیم کی اجازت دینے کی اپیل

   

اسلام آباد 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ملازمین کی نمائندگی کرنے والی ایک تنظیم نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی مارکٹوں میں ان ہندوستانی اشیا کی تقسیم کی اجازت دے جو پہلے ہی ملک کے ائرپورٹس یا بندرگاہوں پر پہونچ چکی ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ پاکستان نے جموں و کشمیر کو خصوصی موقف برخواست کئے جانے کے بعد جوابی کارروائی کے طور پر ہندوستان سے تجارتی تعلقات کو معطل کردیا ہے ۔ ائمپلائز فیڈریشن آف پاکستان نے ہندوستان سے تجارتی تعلقات کے انقطاع کی مدافعت کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ ان ہندوستانی اشیا کی تقسیم کی اجازت دی جائے جو اس فیصلے سے پہلے ہی ملک کے ائرپورٹس یا بندگارہوں پر پہونچ چکی ہیں۔ اخبار ڈان نے یہ اطلاع دی ۔ تنظیم کو شبہ ہے کہ زندگی بچانے والی جو ادویات ہندوستان سے لائی جاتی ہیں بازاروں سے وہ غائب ہوجائیں گی اور حکومت کو چاہئے کہ کوئی دوسرا متبادل تلاش کئے جانے تک اس معاملہ میں کچھ رعایت دے ۔ تنظیم کے نائب صدر ذکی احمد خان نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں مینوفیکچررس کی جانب سے حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کی جاتی ہے ۔