اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ انڈر 19 اور ویمنز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے کام کررہے ہیں جبکہ پاکستان میں ٹی ٹین کرکٹ ٹورنامنٹ کروانے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔ایک بیان میں رمیز راجا نے سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے 2022ء پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے نئی خوشیاں لائے گا۔انہوں نے کہا کہ کپتان کو بااختیار کرنے سے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا ہے، ایج گروپ کرکٹ میں حصہ لینے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو پاتھ وے اور ملک میں کرکٹ کا بہترین انفراسٹرکچر بنانا سال 2022ء میں میری ترجیح ہوگی اور ایج گروپ کرکٹرز کو وظیفہ اور مسابقتی کرکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری انتظامیہ کے تین بڑے ستون ہیں۔ کرکٹ، کمرشل اور ایڈمنسٹریشن جنہیں بہترین دیکھنا چاہتا ہوں۔رمیز راجہ نے کہا کہ ڈراپ ان اور ہائبرڈ پچز پر تیزی سے کام کررہے ہیں، اسلام آباد میں اسٹیڈیم اور ہائی پرفارمنس سینٹر میں نئے کمرے بنانے پر توجہ مرکوز ہے۔چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچز کی تقرری پر کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور ثقلین مشتاق سے بات ہوئی ہے، عام تاثر یہی ہے کہ قومی ٹیم کے ساتھ غیرملکی کوچز کی تقرری ہونی چاہیے۔