واشنگٹن : عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان میں دوسری آفت کا خطرہ منڈلا رہا ہے جو مختلف وبائی امراض سے بیماریوں اور اموات کی صورت میں ہوگی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ٹیڈروس نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مختلف جان لیوا وباؤں کے پھیلاؤ سے خبردار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں سربراہ عالمی صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد ایک اور ناگہانی آفت وبائی امراض کے پھوٹنے اور ان سے ہونے والے جانی نقصان کی صورت میں سر اُٹھا سکتی ہے۔سربراہ عالمی صحت نے سیلاب زدگان کیلئے 10 ملین ڈالر کی امداد کی اپیل جاری کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے دو ہزار سے زائد صحت کے مراکز تباہ ہوگئے جس سے وبائی امراض سے نمٹنے کی صلاحیت کم ہوگئی ہے۔