کرائسٹ چرچ ۔نیوزی لینڈ نے فاسٹ بولر کائل جیمیسن کی شاندار بولنگ اور بیٹسمینوںکی بہترین کارکردگی کی بدولت پاکستان کو دوسرے ٹسٹ میچ میں اننگز اور176 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔کرائسٹ چرچ میں منعقدہ سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 362 رنز کے خسارے سے دوچار پاکستانی ٹیم نے 8 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو نیوزی لینڈ کو نائٹ واچ مین کو محمد عباس کی وکٹ لینے میں زیادہ دیر نہ لگی جو صرف تین رنز بنا سکے۔اظہر علی اور عابد علی کی جوڑی نے اگلے 15 اوورز تک کیوی بولروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا لیکن46 کے مجموعی اسکور پر کائل جیمیسن نے 26 رنز بنانے والے عابد کو چلتا کردیا۔گزشتہ چند اننگز سے پاکستانی بیٹنگ لائن کا بوجھ اٹھانے والے قائم مقام کپتان محمد رضوان اس مرتبہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور جب وہ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو 98 رنز پر آدھی پاکستانی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 186رنز پر ڈھیر ہو گئی اور نیوزی لینڈ نے میچ میں اننگز اور 176 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کر لی۔نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائل جیمیسن نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں سمیت میچ میں مجموعی 11 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا۔کین ولیمسن کو سب سے زیادہ رنز بنانے اور بہترین انداز قیادت پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔