ہندوستان میں دہشت پھیلانے والوں کے تعلق سے محتاط اور چوکس رہنا ہوگا
لندن: کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ پڑوسی ممالک کے مابنی بہت اچھے تعلقات ہونے چاہئیں لیکن جب پاکستان جیسا پڑوسی ہندوستان میں مسلسل دہشت گردی پھیلا رہا ہے تو اس کے ساتھ اچھے تعلقات کیسے ممکن ہوسکتے ہیں۔اپنے دورے کے دوران یہاں پاکستان کے ساتھ روابط سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہئیں لیکن یہ پاکستان کے انداز سلوک پر بھی منحصر ہے ۔ ہندوستان میں پاکستان دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے ۔ ایسی صورت حال میں اگر پاکستان ہندوستان میں دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے تو اس کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا بہت مشکل ہے اور ان دنوں ایسی ہی صورتحال پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہے۔کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے کے عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دینے کے بارے میں پوچھے جانے پر، انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ دیکھو، کھرگے کانگریس کے منتخب صدر ہیں، مجھے کھرگے کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے ، وہ بہت قابل لیڈر ہیں۔ وہ برسوں سے کانگریس کے کارکن رہے ہیں۔ وہاں سے پارٹی صدر کے عہدے پر پہنچنا ان کی قابلیت کو ظاہر کرتا ہے ، لیکن اس بار ہم مل کر بی جے پی کو شکست دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔جب راہول گاندھی سے پوچھا گیا کہ وہ بار بار جمہوریت کو خطرہ لاحق ہونے کی بات کیوں کرتے ہیں، تو انہوں نے کہاکہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے ، یہ ہمارے ملک کا معاملہ ہے اور ہم اندر سے اس کا حل تلاش کریں گے ۔ ہمیں مل کر اسے حل کرنا ہوگا۔