پاکستان کی سرزمین پر چین کا کوئی فوجی تعینات نہیں: ترجمان پاکستان فوج

   

کراچی: پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ہندوستانی میڈیا کی اْن خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان نے گلگت بلتستان میں لائن آف کنٹرول پر مزید فوج تعینات کر دی ہے۔جمعرات کو ایک ٹوئٹ میں پاکستانی فوج کے ترجمان نے ان خبروں کو بھی من گھڑت قرار دیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا اسکردو ایئر پورٹ چین کے زیرِ استعمال ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر چین کا کوئی فوجی تعینات نہیں ہے۔ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ خبریں حقیقت کے منافی اور من گھڑت ہیں۔اس سے قبل ہندوستانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے لگ بھگ 20 ہزار اضافی فوج گلگت بلتستان لائن آف کنٹرول کے اطراف تعینات کر دی ہے۔ہندوستانی اخبار ‘دی اکنامک ٹائمز’ کی ایک خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چینی حکام پاکستان کی دہشت گرد تنظیم ‘البدر’ کے ساتھ ہندوستانی کشمیر میں حملوں کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایل او سی پر اضافی فوج گزشتہ سال بالا کوٹ پر ہندوستانی حملے کے بعد کی جانے والی تعیناتی سے بھی زیادہ ہے۔خیال رہے کہ چین اور ہندوستان کے درمیان مئی سے ہی سرحدی مقام لداخ میں کشیدگی جاری ہے۔ گزشتہ ماہ ہونے والی ایک جھڑپ میں لگ بھگ 20 ہندوستانی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔چین اور ہندوستان کے حکام نے کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا ہے لیکن اس کے باوجود فریقین ایک دوسرے پر سرحدی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔