پاکستان کی ناقص بیٹنگ ،آسٹریلیا 41 رنز سے کامیاب

   

لندن ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈکپ 2019 کے ایک اہم میچ میں آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی سنچری کی بدولت 307 رنز بنانے کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم کو 266 رنز پر آوٹ کرکے 41 رنز سے شکست دے دی۔ میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوسکا اور پاکستانی بولرز ابتدائی اوورز میں آسٹریلیائی اوپنرس پر دباؤ میں ڈالنے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔ پاکستان کے خلاف کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کو 146 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد عامر نے اپنا دوسرا اسپیل شروع کرتے ہوئے آسٹریلیا کے کپتان فنچ کو آؤٹ کردیا جبکہ 189 کے اسکور پر محمد حفیظ نے اسٹیو اسمتھ کو آؤٹ کردیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے بہترین آغاز کے باعث 300 رنز مکمل کرلیے جبکہ شان مارش 23 اور کولٹر نائل 2 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔آسٹریلیا کے آخری 3 بیٹسمینس اسکور میں صرف 7 رنز کا اضافہ کر پائے۔ محمد عامر نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو 307 کے اسکور تک محدود کردیا۔محمد عامر نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں اور رواں ورلڈکپ میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بھی بن گئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2، وہاب ریاض، حسن علی اور محمد حفیظ نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان صفر پر آوٹ ہوئے جس کے بعد بابر اعظم اور امام الحق نے محتاط انداز میں اسکور کرتے ہوئے 10 اوورز میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔ پاکستان کی جانب سے دوسرے آوٹ ہونے والے بابراعظم تھے جنہوں نے 30 رنز بنا کر کولٹر نائل کو وکٹ دے دی۔ محمد حفیظ 146 کے مجموعی اسکور پر 46 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو شعیب ملک بیٹنگ کے لئے آئے اور صفر پر آوٹ ہوئے۔ 160 کے مجموعی اسکور پر آصف علی کے آوٹ ہونے کے بعد حسن علی نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 200 رنز تک پہنچایا اور 15 گیندوں میں 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بنا کر آوٹ ہوئے وہاب ریاض جب وکٹ پر آئے تو ٹیم شدید مشکلات کا شکار تھی لیکن انہوں نے دباؤ کا سامنا کیے بغیر جارحانہ بیٹنگ کی اور میچ کو سنسنی خیز بنادیا۔ پاکستان کو جیت کے لیے 44 رنز درکار تھے تو وہاب ریاض نے 39 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنا کر 264 کے مجموعے پر آوٹ ہوئے، ایک رن کے اضافے کے بعد مچل اسٹارک نے محمد عامر کی وکٹیں بکھیر دیں اور پاکستان کی 9 ویں وکٹ حاصل کیں۔ پاکستان کی جانب سے آخری آوٹ ہونے والے کپتان سرفراز احمد تھے جو 96 منٹ تک وکٹ پر موجود رہے اور 48 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف ایک چوکے کی مدد سے 40 رنز بنا کر میکسویل کی شان دار فیلڈنگ کے نتیجے میں رن آوٹ ہوئے حالانکہ ان کے بعد بیٹنگ کے لیے میدان میں آنے والے حسن علی اور وہاب ریاض نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کر کے ٹیم کو ایک امید کی کرن دکھادی تھی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 266 رنز بنا کر آوٹ ہوئی، امام الحق 53 رنز بنا کر سرفہرست رہے لیکن انہوں نے انتہائی سست مظاہرہ کیا۔آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے 3، مچل اسٹارک اور رچرڈسن نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ وارنر کو میچ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔