پاکستان کی نوجوان صحافی ‘ 100 با اثر سکھ افراد میں شامل

   

اسلام آباد 17 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی پہلی خاتون سکھ صحافی کو دنیا کی 100 انتہائی با اثر سکھ شخصیتوں میں شامل کیا گیا ہے جن کی عمر 30 سال سے کم ہے ۔ برطانیہ سے کام کرنے والے ایک عالمی سکھ ادارہ کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ 25 سالہ من میت کور کو عالمی تنظیم سکھ گروپ کی جانب سے اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ ایکسپریس ٹریبیون نے یہ بات بتائی ۔ من میت کور یہ ایوارڈ آئندہ سال برطانیہ میں ایک تقریب میں حاصل کرینگی ۔ من میت کور پشاور کی ساکن ہیں اور سماجی کارکن بھی ہیں۔ انہیں پاکستان میں اقلیتوں اور خواتین کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے پر ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔ انہوں نے سکھ تنظیم کی جانب سے عالمی سطح پر با اثر 100 سکھ شخصیتوں میں ان کا نام شامل کئے جانے پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا ہے ۔