پاک۔ امریکہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل : امریکی سینیٹر

   

واشنگٹن:امریکی سینیٹر کرس مرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل اور وقت کی کسوٹی پر پورا اترے ہیں۔امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی ذیلی کمیٹی برائے مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا، سنٹرل ایشیا اور کاؤنٹر ٹیررازم کے چئیرمین سینٹر کرس مرفی نے پاکستان اور امریکہ کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر خصوصی پیغام جاری کیا۔انہوں نے کہا کہ امید ہے گزشتہ برسوں کی طرح آئندہ بھی پاک۔ امریکہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے، امریکی سینیٹ کے نزدیک پاک۔ امریکہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔امریکی سینیٹر کاکہنا تھا کہ یوایس ایڈ کے تحت امریکہ نے پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی اور مشترکہ سکیورٹی منصوبوں کے ضمن میں وسائل مختص کیے ۔دوسری جانب امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے سینیٹر مرفی کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے حقیقی دوست اور پاک۔ امریکہ قریبی تعلقات کے وکیل ہیں، سینیٹر مرفی نے درست کہا پاک امریکہ تعلقات وقت کی کسوٹی پر پورا اترے ہیں اور پائیدار ہیں، معاشی میدان میں پاکستان اور امریکی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔