پاک۔ سعودی تجارتی معاہدے اعتماد میں اضافہ کرینگے : ماہرین

   

اسلام آباد؍ ریاض: معاشی ماہرین نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیاشن تجارتی سرمایہ کاری اور کاروباری لین دین کے معاہدوں کو پاکستان کی ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ آنے والے برسوں میں پاکستان کو اس سے بہت مدد ملے گی۔پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے میڈیا اتاشی دفتر کے مطابق پاکستان کے متعدد معاشی ماہرین دونوں ممالک کے مابین ہونے والے معاہدوں کو زراعت، معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ترقی کا پیش خیمہ سمجھتے ہیں اور ان کے مطابق یہ ان شعبوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔ سعودی عرب کی آرامکو کمپنی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کو تعمیر و ترقی کے لیے ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین اقتصادیات اس بات پر متفق ہیں کہ آرامکو کمپنی کا معاہدہ پاکستان کو ہر سطح پر مثبت جہت فراہم کرے گا۔معروف ماہر اقتصادیات مرزا اختیار بیگ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تجارتی سرمایہ کاری اور تجارتی تبادلے سب سے اہم لین دین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی آرامکو کے ساتھ حالیہ معاہدے سے پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔