کٹھوا/ ڈوڈا / جموں : قومی تحقیقاتی ادارہ (این آئی اے ) نے جموں و کشمیر کے پانچ اضلاع میں تلاشی مہم چلائی جو بین الاقوامی سرحد کے پاس پاکستانی ڈرونس کے ذریعہ اسلحہ گرائے جانے کے معاملے کی تحقیقات کے سلسلہ میں ہے۔ جمعرات کو اضلاع جموں ، سری نگر، کٹھوا، سامبا اور ڈوڈا کے 8 مقامات پر تلاشی مہم چلائی گئی۔ بتایا گیا کہ لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم دی ریزسٹنس فرنٹ کی جانب سے اسلحہ، گولا بارود اور دھماکو مادوں کی کھیپ ڈرون کے ذریعہ گرائی گئی جسے فوری تاڑ لیا گیا۔ این آئی اے ترجمان نے کہا کہ فرنٹ کے کارندے پاکستانی آقائوں کی ایما پر کام کررہے ہیں۔ اس کیس کے سلسلہ میں آج بھی چند مقامات پر تلاشی مہم چلائی گئی اور مختلف مواد، دستاویزات اور ڈیجیٹل آلات برآمد کئے گئے۔ یہ ہتھیار کشمیر میں دہشت گردوں کے لیے بھیجے جارہے ہیں۔