راولپنڈی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جمعہ کو شروع ہونے والا پہلا ٹسٹ میچ زخموں،کورونا کے مثبت معاملات اور خراب موسم کی وجہ سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔دونوں ٹیموں میں کوویڈ19 کا کم از کم ایک ایک مریض سامنے آیا ہے۔ پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف پہلے ٹسٹ سے باہر ہو جائیں گے جبکہ آسٹریلیا کے بولنگ کنسلٹنٹ فواد احمد کا بھی ٹسٹ مثبت آیا ہے۔پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی اور آل راؤنڈر فہیم اشرف زخمی ہونے کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ فاسٹ بولر نسیم شاہ اور آل راؤنڈر افتخار احمد کو شامل کیا گیا ہے۔جمعرات کو راولپنڈی میں ہونے والی بارش نے دونوں ٹیموں کو اپنے اپنے ہوٹلوں تک محدود رکھا اور ٹسٹ میچ کے آخری تین دنوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔1998 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب آسٹریلیا پاکستان میں ٹسٹ میچ کھیلے گا۔آسٹریلوی ٹیم اتوارکو پاکستان پہنچی اور اسے صرف دو سیشن میں پریکٹس کا موقع ملا۔آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ان کی پلیئنگ الیون میں کن کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا۔کمنز نے جمعرات کو کہا ہمیں معلوم ہے کہ ہماری ٹیم کیا ہوگی اور ہم کیا کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم اس وقت تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے جب تک کہ ہم وکٹ کا اچھی طرح سے جائزہ نہ لیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ وکٹ تیز ہوگی۔ شاید ہم دو اسپنرز اور تین فاسٹ بولروں کے ساتھ میدان میں جائیں گے۔ دوسری جانب پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو یقین ہے کہ ان کی ٹیم آسٹریلیا کو سخت چیلنج دے گی۔ بطور کپتان مجھے یقین ہے کہ میرے پاس آسٹریلیا کو سخت چیلنج دینے کے لیے بہترین ٹیم ہوگی۔ بدقسمتی سے آج بارش نے پریشان کیا لیکن ہم ٹیم کو قطعیت دینے سے پہلے وکٹ کو دیکھیں گے۔آسٹریلیا کے 24 برس بعد اس دورہ پاکستان کیلئے سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔انتظامات پر مہمان ٹیم کے کھلاڑی اور انتظامیہ کے علاوہ مہمان صحافیوں نے بھی اطمینان کا اظہار کیاہے اور امید ظاہر کی ہے کہ میدان سے باہر کے انتظامات کے بعد میدان کے اندربھی اچھی کرکٹ ملے گی۔