پبس میں شراب نوشی کے بعد نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی ہنگامہ آرائی

   

جوبلی ہلز علاقہ خراب ماحول میں تبدیل، مکین پریشان حال
حیدرآباد 25 ڈسمبر (یو این آئی) شہرحیدرآباد میں آئے دن پب کلچر بڑھتا جارہا ہے ۔راتوں میں پبس سے حالت نشہ میں نکل کر سڑکوں پر نوجوان لڑکے لڑکیاں ہنگامہ آرائی کررہے ہیں۔شہر کے جوبلی ہلز کے قریب بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیاجہاں پبس سے نکلے ان نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے حالت نشہ میں سڑک پر ہنگامہ آرائی کی۔انہوں نے سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت میں رکاوٹ بھی پیدا کی۔پبس کے قریب رہنے والے افراد نے اس خصوص میں شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ان پبس سے حالت نشہ میں نکل کر یہ افراد ہنگامہ آرائی عموما کررہے ہیں جس سے ان کو مشکلات کا سامنا ہے ۔جوبلی ہلز جیسے پاش رہائشی علاقہ میں حالیہ عرصہ کے دوران پبس کی تعداد میں اضافہ پر مقامی عوام نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ان نوجوانوں کی حالت نشہ میں ہنگامہ آرائی کی ویڈیوز سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئیں۔ان افراد نے کہاکہ پولیس کی جانب سے ان پبس کے انتظامیہ کو اس خصوص میں دی گئی وارننگ کا بھی کوئی اثر نہیں ہوا۔مقامی افراد نے کہاکہ ان پبس میں ڈی جے پر گیت بجائے جارہے ہیں جس سے ان کی نیند میں خلل پیداہورہا ہے۔ بعض افراد نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ یہ افراد شراب کی خالی بوتلوں کو ان کے گھروں کے قریب پھینک رہے ہیں۔