پتنگ بازی کیلئے چین کے مانجے کے خلاف کارروائی

   

پتنگ فروش گرفتار، ٹاسک فورس پولیس کے دھاوے
حیدرآباد ۔ /11 جنوری (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں سنکرانتی تہوار کے دوران غیرقانونی طور پر فروخت کئے جارہے چینیز مانجے کے کاروبار کے خلاف پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے ۔ ٹاسک فورس پولیس نے بیگم پیٹ علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے دو پتنگوں کے تاجرین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں چینیز مانجا برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر پی رادھا کرشنا نے بتایا کہ 40 سالہ محمد اکبر علی اور 44 سالہ محمد مظفر علی ساکن رسول پورہ بیگم پیٹ جو پتنگ اور مانجے کا کاروبار کرتے ہیں سنکرانتی تہوار کے دوران پتنگوں کے علاوہ ممنوعہ چینیز مانجا بھی فروخت کررہے تھے ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے بابا کائیٹ شاپ رسول پورہ بیگم پیٹ پر دھاوا کرتے ہوئے ایک لاکھ 60 ہزار مالیتی چینیز مانجا برآمد کرلیا ۔ گرفتار ملزمین کو بیگم پیٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ جنگلات اور ماحولیات کی جانب سے چینیز مانجے کا استعمال غیرقانونی ہے ۔