پتہ نہیں مودی کس دنیا میں جی رہے ہیں، مذاق بنا رکھا ہے: راہول

,

   

ملک میں معاشی طوفان کا اندیشہ ،عوام کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا

نئی دہلی ۔19؍مئی ( ایجنسیز)وزیر اعظم نریندر مودی نے جس طرح سے ملک کی معیشت کا ڈھانچہ بدلا ہے وہ آنے والے معاشی طوفان میں ٹک نہیں پائے گا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ اس معاشی طوفان کا خمیازہ ملک کے نوجوانوں، کسانوں، چھوٹے تاجروں کو بھگتنا پڑے گا۔ یہ بیان لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے آج رائے بریلی میں میڈیا کے کچھ سوالوں کے جواب میں دیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ معاشی طوفان کا اثر اڈانی۔امبانی اور نریندر پر نہیں پڑے گا کیونکہ وہ اپنے محلوں میں بیٹھے رہیں گے۔ یہ جھٹکا بہت برا ہوگا اور آنے والا وقت بہت مشکل ہوگا۔ راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مودی کوئی ٹھوس قدم اٹھانے کی جگہ ملک کی عوام سے کہہ رہے ہیں کہ کوئی بھی بیرون ملک سفر نہ کرے جبکہ وہ خود دنیا بھر کا دورہ کر رہے ہیں۔ موجودہ مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اصل مسئلہ بے روزگاری اور مہنگائی ہے۔ آنے والے وقت میں کھاد کا مسئلہ پیدا ہونے والا ہے۔ لیکن پتہ نہیں نریندر مودی کس دنیا میں جی رہے ہیں، مذاق بنا رکھا ہے۔کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر راہول گاندھی کے ذریعہ میڈیا کے سامنے دیے گئے بیانات کی 2 ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کانگریس رکن پارلیمنٹ کار میں بیٹھے ہیں اور ملک کے حالات پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں، غریبوں اور چھوٹے کاروباریوں کی حفاظت کرنے کی ذمہ داری نریندر مودی کی ہے۔ ہم لگاتار نریندر مودی سے کہہ رہے ہیں کہ طوفان آنے والا ہے۔ آپ ٹھوس قدم اٹھائیے اور ملک کو محفوظ کیجیے لیکن وہ کچھ الگ ہی کر رہے ہیں۔