حیدرآباد 9 مارچ (سیاست نیوز) پداپلی ضلع کے منتھنی منڈل کے جنگلاتی علاقہ میں شیر کی موجودگی کی اطلاعات سے عوام میں خوف کا ماحول ہے اور لوگ مکانات تک محدود رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے ایک ہفتہ قبل متارم منڈل میں شیر کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔ علاقہ میں شیر کے پنجوں کے نشانات پائے گئے جس کے بعد محکمہ جنگلات کی جانب سے مقامی افراد کو چوکس کردیا گیا۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ بھتو پلی میں شام کے وقت شیر کو دیکھا گیا جو آبادی والے علاقوں کی سمت بڑھ رہا تھا۔ بعض مقامی افراد نے ایکلاس پور اور کھمم پلی گاؤں کے درمیان شیر کی نقل و حرکت کو دیکھا۔ صبح کے وقت شیر کے پنجوں کے نشان دیکھنے کے بعد جنگلات کے عہدیداروں کو اطلاع دی گئی۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت شیر آبادیوں میں گشت کررہا ہے تاکہ جانوروں کا شکار کرسکے۔ شیر کی موجودگی کی اطلاع نے گاؤں والوں کو شام ہوتے ہی گھروں میں محدود ہوجانے کے لئے مجبور کردیا ہے۔ کسان بلاخوف کھیتوں میں جانے سے خوفزدہ ہیں۔ دن اور رات کے اوقات میں شیر کی نقل و حرکت کا پتہ چلانے کے لئے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کی ٹیمیں گشت کررہی ہیں۔ عوام سے چوکسی کی خواہش کی گئی تاکہ وہ امکانی حملہ سے بچ سکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرتے ہوئے شیر کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے گی۔ 1