مناسب سیکوریٹی کیلئے متعلقہ ایس پی کو ہدایت، حکومت کا جواب
حیدرآباد۔3 ۔مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں جاری ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پد یاترا کے لئے سیکوریٹی میں اضافہ کی اپیل کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ ریونت ریڈی کی درخواست پر آج سماعت ہوئی جس میں سرکاری وکیل نے ہائیکورٹ کو بتایا کہ ریونت ریڈی کی پد یاترا کیلئے معقول سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کی جانب سے ایڈیشنل ڈی جی اور متعلقہ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ گورنمنٹ پلیڈر نے مکتوب کی کاپی عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے مناسب سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ فریقین کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے سوال کیا کہ اس مسئلہ پر مزید سماعت کی کیا ضرورت ہے۔ عدالت نے ریونت ریڈی کے وکیل کو ہدایت دی کہ حکومت کے دعوے کے مطابق سیکوریٹی موجود ہے یا نہیں اس بارے میں پیر کے دن ہائی کورٹ کو اطلاع دی جائے، اس وقت تک سماعت کو ملتوی کیا گیا۔ مقدمہ کی 6 مارچ کو سماعت کے موقع پر سیکوریٹی انتظامات کے بارے میں ریونت ریڈی کے وکیل رپورٹ پیش کریں گے ۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی نے 6 فروری کو تلنگانہ میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پد یاترا کا آغاز کیا۔ ورنگل ضلع میں بی آر ایس کارکنوں کی جانب سے پد یاترا پر حملہ کیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد ریونت ریڈی نے پد یاترا کیلئے سیکوریٹی میں اضافہ کی درخواست کی ہے۔ ریونت ریڈی کی پد یاترا کریم نگر ضلع میں جاری ہے۔ر