پرانا پل میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل

   

حیدرآباد : /12 مارچ (سیاست نیوز) پرانا پل نئی سڑک پر ایک خاتون کا اس کے شوہر نے کردار پر شبہ کرتے ہوئے قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ سونی عرف انیتا ساکن میلاردیوپلی مزدوری کا کام کیا کرتی تھی اور وہ پرانے پل کے قریب ایک دوکان میں ملازمہ تھی ۔ 10 سال قبل اس کی شادی تلجپا سے ہوئی تھی اور اسے دو بچے بھی ہے ۔ کل رات دیر گئے انیتا کی زخمی نعش پرانے پل کے قریب پائے جانے پر پولیس کو مقامی عوام نے اطلاع دی جس پر پولیس بہادر پورہ کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا ۔ مقام واردات پر موجود شواہد بھی اکٹھا کئے گئے ۔ پولیس نے سونی کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ انیتا کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ تلجپا اپنی بیوی کے کردار پر شبہ کیا کرتا تھا اور اسے یہ شبہ تھا کہ اس نے ایک شخص سے ناجائز تعلقات قائم کئے ہوئے ہیں ۔ پولیس بہادر پورہ نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔