حیدرآباد 16 جولائی ( سیاست نیوز ) پرانے شہر میں یوم عاشورہ کے موقع پر کل 10 محرم کو تاریخی بی بی کے علم کا جلوس نکالا جائیگا ۔ بی بی کے علم کا جلوس کرناٹک سے لائے گئے ہاتھی پر نکالا جائیگا ۔ علم ٹھیک 1 بجے دن بی بی کے الاوہ سے برآمد ہوگا ۔ اس سے قبل 12 بجے دن سے مجلس پرسہ گروہ شیدائے شبیر کی جانب سے منعقد ہوگی ۔ بی بی کے علم کا جلوس براہ کمان شیخ فیض ‘ یاقوت پورہ دروازہ ‘ اعتبار چوک ‘ چارمینار ‘ گلزار حوض ‘ پنجہ شاہ ‘ منڈی میر عالم ‘ پرانی حویلی اور دارالشفاء سے ہوتا ہوا مسجد الہی چادر گھاٹ کے روبرو عاشور خانہ بیت الحزن پہونچے گا جہاں علم ٹھنڈے کئے جائیں گے ۔ علم ٹھنڈاکرنے کے مقام پر گروہ شیدائے شبیر کا ماتم ہوگا اور پھر مجلس شام غریباں برپا ہوگی ۔ علم بی بی کے جلوس میں جملہ 25 انجمنیں سینہ زنی کریں گی جن میں انجمن معصومین ‘ انجمن العباس ‘ گروہ شیدائے شبیر ‘ گروہ کاظمی اور علمدار حسینی شامل ہونگے ۔ جلوس گذر نے کے راستوں پر عوام کی جانب سے ڈھٹی اور نذر پیش کی جائے گی ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد کے سرینواس ریڈی چارمینار پر علم مبارک پر ڈھٹی پیش کریں گے جبکہ خانوادہ نظام کی جانب سے پیلی دیوڑھی پرانی حویلی پر ڈھٹی پیش کی جائے گی ۔ اسی طرح بلدیہ کی جانب سے دفتر بلدیہ واقع دارالشفاء کے مقام پر ڈھٹی پیش کی جائے گی ۔ پولیس کی جانب سے بی بی کے علم کے جلوس کیلئے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔