پرانے شہر میں رمضان المبارک کی خریداری عروج پر

,

   

ٹریفک کے بہاو کو باقاعدہ بنانے ٹریفک پولیس کی جانب سے تحدیدات کا نفاذ
حیدرآباد ۔ /24 مئی (سیاست نیوز) رمضان المبارک میں پرانے شہر کے بازاروں میں خریداری عروج کو پہونچ گئی ہے اور حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کے بہاؤ کو باقاعدہ بنانے بعض تحدیدات عائد کئے گئے ہیں ۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر انیل کمار نے کہا کہ ماہ رمضان میں پرانے شہر کے بازاروں میں شاپنگ کیلئے خریداروں کی تعداد بڑھ گئی ہے اور اس ضمن میں آر ٹی سی اور خانگی ٹراویل بسوں کا رخ موڑ دیا ہے ۔ محبوب نگر ، کرنول ، بنگلور اور سری سیلم سے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے چلنے والی آر ٹی سی بسوں کا رخ چادر گھاٹ ، نلگنڈہ چوراہا ، چنچل گوڑہ ، آئی ایس سدن چوراہا ، سنتوش نگر ، ڈی ایم آر ایل ، محبوب نگر فلائی اوور ، بنڈلہ گوڑہ اور آرام گڑھ کی سمت کردیا جائے گا ۔ 94 نمبر سرویس کی آر ٹی سی بس اور دیگر بسوں کا رخ بھی موڑدیا گیا ہے جس میں افضل گنج سے بھولکشمی مندر ، مسلم جنگ برج ، سٹی کالج سے پرانا پل کی سمت کردیا جائے گا ۔ شہر کے سٹی بسیس فلک نما ، انجن باؤلی ، سید علی چبوترہ ، لال دروازہ ، شاہ علی بنڈہ کی سرویس چارمینار بس اسٹینڈ تک ہی محدود رہے گی اور فلک نما ، انجن باؤلی ، لال دروازہ ، شاہ علی بنڈہ سے لیفٹ ٹرن ہمت پورہ چوراہا سے خلوت ، موتی گلی ، موسیٰ باؤلی اور سٹی کالج کی سمت کردیا گیا ہے ۔ اسی طرح بہادر پورہ سے آنے والی آر ٹی سی بسوں کا رخ پرانا پل ، جمعرات بازار ، بھو لکشمی مندر ، افضل گنج سے سٹی کالج کی سمت کردیا گیا ہے ۔ مسٹر انیل کمار نے کہا کہ کار ، آٹو اور موٹر سائیکلوں کی ٹریفک کو بھی محدود کردیا گیا ہے اور گاڑیاں مٹی کا شیر ، کالی کمان ، لاڈ بازار ، پنچ محلہ ، چوک میدان خان ، گلزار حوض اور لکڑ کوٹ تک محدود رہے گی ۔ عوام کیلئے پارکنگ کا انتظام کیا جارہا ہے اور چارمینار بس اسٹانڈ ، قلی قطب شاہ اسٹیڈیم متصل سٹی کالج ، پنشن آفس خلوت ، خلوت گراؤنڈ اور مفیدالانام اسکول گراؤنڈ ، کوٹلہ عالیجاہ میں کیا گیا ہے ۔