پرانے شہر میں میٹرو ریل راہداری کا سنگ بنیاد 8 مارچ کو رکھا جائیگا

   

فاروق نگر فلک نما میں افتتاحی تقریب۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سنگ بنیاد رکھیں گے

حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی فاروق نگر ‘ فلک نما میں 8 مارچ کو حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ جوبلی بس اسٹیشن سے فلک نما کو مربوط کرنے والی راہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل مسٹر این وی وی ایس ریڈی نے آج یہ بات بتائی ۔ انہو ںنے بتایا کہ پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کی توسیع کے منصوبہ پر سنگ بنیاد تقریب 8 مارچ کو منعقد ہوگی ۔ انہوں نے پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ 5.5 کیلو میٹر پر محیط اس راہداری کو دوسرے مرحلہ کے پراجکٹ سے مربوط ’گرین لائن‘ سے جوڑا جا رہاہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جوبلی بس اسٹیشن تا فلک نام راہداری کو سابق میں املی بن بس اسٹیشن تک محدود کردیا گیا تھا اور اب اس گرین لائن کے توسیعی منصوبہ کا آغاز کیا جار ہاہے۔ این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو ریل کی یہ راہداری دارالشفاء‘ پرانی حویلی ‘ اعتبار چوک‘ عالیجاہ کوٹلہ ‘ دائرہ میر مومن‘ ہری باؤلی‘ شاہ علی بنڈہ ‘ شمشیر گنج‘ علی آباد‘ سے ہوکر فلک نما پہنچے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس راہداری پر 4 میٹرو اسٹیشن ہوں گے جن میں سالار جنگ میوزیم ‘ چارمینار‘ شاہ علی بنڈہ اور فلک نما شامل ہونگے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر ایچ ایم آر کے مطابق سالار جنگ میوزیم ‘ چارمینار اور فلک نما اسٹیشن کو اس راہداری کے درمیان آنے والی تاریخی عمارتوں کے نام سے اسٹیشن موسوم کئے گئے ہیں جو ان عمارتوں سے 500 میٹر کے دائرہ میں قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس راہداری کی تعمیر میں 1100 جائیدادیں سڑکوں کی توسیع میں متاثر ہورہی ہیں اور یہ راہداری 100 فیٹ کی سڑک پر محیط ہوگی اور جہاں اسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے ان پر 120 فیٹ تک سڑک کو چوڑا کیا جائے گا۔این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ سڑک کی توسیع کیلئے جائیدادوں کے حصول پر 2000 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ انہو ںنے فلک نما سے شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ تک میٹرو ریل کی توسیع کے سلسلہ میں منصوبہ کے متعلق بتایا کہ اس پراجکٹ کی تکمیل کے ساتھ فلک نما سے مزید 1.5 کیلو میٹر پراجکٹ میں توسیع کے اقدامات کئے جائیں گے۔انہو ںنے بتایا کہ چندرائن گٹہ پر میجر انٹر چینج اسٹیشن کے قیام تک منصوبہ تیارہے۔ انہو ںنے بتایا کہ انٹر چینج اسٹیشن سے ناگول تا ایل بی نگر ‘ چندرائن گٹہ ‘میلاردیوپلی سے شمس آباد ائیرپورٹ تک توسیع کے منصوبہ پر عمل کیا جارہا ہے۔3