پرانے شہر میں میٹرو ریل کا آج سنگ بنیاد

   

ریونت ریڈی سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ وزراء کی شرکت
حیدرآباد 7 مارچ۔(سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی پرانے شہر میں میٹرو ریل راہداری کا آج سنگ بنیاد رکھیں گے۔ پرانے شہر کے فاروق نگر ‘ فلک نما کے قریب میٹرو ریل راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ 8 مارچ سہ پہر ہونے والی تقریب میں وزراء ‘ ارکان پارلیمان اور ارکان اسمبلی کے علاوہ متعلقہ قائدین شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی 8مارچ کو پردھان منتری جن وکاس کاریاکرم کے تحت تعمیر کردہ تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول و جونیئر کالج کی نئی عمارت کا ابراہیم باغ گولکنڈہ میں افتتاح انجام دیں گے۔ عہدیداروں کے مطابق پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کی سنگ بنیاد تقریب کے علاوہ ٹمریز اسکول کی عمارت کے افتتاح میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی ‘ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ مسٹر پونم پربھاکر کے علاوہ دیگر ریاستی وزراء کے علاوہ متعلقہ ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل کو مدعو کیا گیا ہے۔ریاست میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے پہلے دورہ پرانا شہر کے دوران توقع کی جا رہی ہے کہ چیف منسٹر کی جانب سے پرانے شہر کے ترقیاتی کاموں کے لئے خصوصی پیاکیج کی منظوری عمل میں لائی جائے گی اور مختلف ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لئے خصوصی اقدامات کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔3