برتھ سرٹیفکٹ میں خامیوں کی درستگی، انچارج ڈاکٹر چنا ریڈی کی خصوصی مساعی
حیدرآباد ۔24۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر پرجا وانی پروگرام کے ذریعہ کرمن گھاٹ سے تعلق رکھنے والے ایک کمسن لڑکی کے پیدائشی سرٹیفکٹ میں خامیوں کو درست کرتے ہوئے آدھار کارڈ کی اجرائی میں مدد کی گئی ۔ پرجا وانی پروگرام کے انچارج اور تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پیدائشی سرٹیفکٹ میں غلطیوں کی اصلاح کریں تاکہ کمسن سائی کرپا کو آدھار کارڈ جاری کیا جائے ۔ اعلیٰ تعلیم کے حصول ، ہاسٹل میں داخلہ ، بینکنگ خدمات اور دیگر سہولتوں کیلئے آدھار کارڈ لازمی ہے۔ سائی کرپا کو آدھار کارڈ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا تھا کیونکہ ان کے والدین کے برتھ سرٹیفکٹ میں خامی پائی گئی۔ ڈاکٹر چنا ریڈی کو والدین نے اپنی دشواریوں سے واقف کرایا اور تحریری طور پر درخواست کی۔ انہوں نے کمسن لڑکی سائی کرپا کو آدھار کارڈ کی اجرائی کا تیقن دیا۔ ڈاکٹر چنا ریڈی نے جی ایچ ایم سی عہدیداروں سے ربط قائم کیا اور سائی کرپا کے والدین کے برتھ سرٹیفکٹ میں خامیوں کو درست کرنے کی ہدایت دی۔ سائی کرپا کرمن گھاٹ کے نندنا ونم گورنمنٹ اسکول میں چوتھی جماعت کی طالبہ ہے اور والدین کنسٹرکشن ورکرس کے طور پر کام کرتے ہیں۔ لڑکی کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے آدھار کارڈ ضروری تھا ۔ اسی دوران پرجا وانی پروگرام میں 248 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 79 پنچایت راج رورل ڈیولپمنٹ ، 31 ریونیو اور 78 اندراماں ہاؤزنگ سے متعلق ہیں۔ دیگر محکمہ جات کے مسائل پر 60 درخواستیں داخل کی گئیں۔ ایڈیشنل کلکٹر سوریہ پرکاش اور دیگر عہدیداروں نے عوامی مسائل کی سماعت کی۔1/k/m/b