حکومت کی تین سالہ کارکردگی، اسکیمات اور کارپوریشن عہدوں کی تقسیم پر مشاورت
حیدرآباد، 26 نومبر ]سیاست نیوز[چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج پرجا بھون گیسٹ ہاؤز میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے تلنگانہ امور کے انچارج بی ایم سندیپ کے ساتھ ایک خصوصی اور انتہائی اہم ملاقات کی۔ ’سمودھان رکشا مارچ‘ میں شرکت سے قبل چیف منسٹر پرجا بھون گیسٹ ہاؤز پہونچے ، جہاں دونوں قائدین کے درمیان تقریباً دو گھنٹے تک بند کمرہ میں تفصیلی مشاورت جاری رہی۔سیاسی حلقوں میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور اے آئی سی سی انچارج بی ایم سندیپ کی اس ملاقات کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس طویل نشست کے دوران دونوں قائدین نے ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال، کانگریس حکومت کی تین سالہ کارکردگی، فلاحی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی۔ دونوں قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے حکومت کے فلاحی اقدامات کو نچلی سطح تک پہونچایا جائے اور تنظیم و حکومت کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعہ آئندہ چیلنجس کا مضبوطی سے سامنا کیا جائے۔-2