پروفیسر رام پنیانی کے گھر پر فرضی سی آئی ڈی اہل کاروں کا چھاپہ 

,

   

نئی دہلی : سماجی کارکن ، میڈیکل ریسرچر ، زبردست خطیب ،قلم کار رام پنیانی کے مکان پر سی آئی ڈی کے فرضی اہل کاروں نے چھاپہ مارا اور انہیں ہراساں کیا ۔ تفصیلات کے مطابق سیول سوسائٹی نامی تنظیم کے اراکین نے یہ الزام لگایا کہ مہاراشٹرا میں بی جے پی کی زیر قیادت حکومت حفاظتی محکموں کے ذریعہ حقوق کیلئے کام کرنے والے معروف کارکن رام پنیانی کو ہراساں کررہی ہے ۔ اطلاع کے مطابق سی آئی کی ٹیم نے بلا اختیار ان کے مکان پر چھاپہ مارا اور انہیں ان کے گھر والوں کو ہراساں کیا ۔ واضح رہے کہ رام پنیانی بے باک مقرر ہے ۔ اورراست طور پر بی جے پی پر نشانہ کستے ہیں ۔ سیول سوسائٹی کا اراکین کا الزام ہے کہ مودی حکومت اپوزیشن او رمخالفین کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔

سوسائٹی کے ذمہ داروں نے پولیس کمشنر ممبئی کو ایک خط ارسال کیا جس میں انہوں نے رام پنیانی کے مکان پر چھا پہ ماری کی حر کت پر مذمت کی ۔ ہیومن رائٹس کی کارکن شبنم ہاشمی نے سیول سوسائٹی کی جانب سے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے سی آئی ڈی کا اہل کار ظاہر کرتے ہوئے پروفیسر رام پنیانی کوڈرانے یا دھمکانے کی کوشش کی ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ شبنم ہاشمی نے کہا کہ ہم کو ڈر ہے کہ ان کی آواز دبانے کی کو شش کی جارہی ہے جنہوں نے ہمیشہ فرقہ پرست طاقتوں پر سخت نکتہ چینی کی اور امن وہم آہنگی کیلئے جد وجہد کی ۔

واضح رہے کہ ۹؍ مارچ کے دن تین افراد نے اپنے آپ کو سی آئی ڈی اہل کار بتاتے ہوئے رام پنیانی کے گھر میں داخل ہوئے اور ان کے پاسپورٹ کے متعلق پوچھ تاچھ کرنے لگے ۔ شبنم ہاشمی نے بتا یا کہ اس موقع پر ان اہل کار وں نے رام پنیانی جی کے گھر والوں سے قابل اعتراض سوالا ت کئے ۔