آج اے سی بی اور سی بی آئی کو یادداشت ، منی لانڈرنگ معاملہ کی جانچ کا مطالبہ
حیدرآباد۔31۔مارچ (سیاست نیوز) پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرجہ جات کے افشاء معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی تحقیقات کے لئے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج حیدرآباد میں جوائنٹ ڈائرکٹر ای ڈی کو یادداشت پیش کی۔ پارٹی کے سینئیر قائدین مہیش کمار گوڑ ، صدر یوتھ کانگریس شیواسینا ریڈی ، این ایس یو آئی کے صدر ڈیو ینکٹ اور دیگر قائدین کے ہمراہ ریونت ریڈی نے ای ڈی آفس پہنچ کر یادداشت حوالے کی۔ انہوں نے پرچہ جات کے افشاء کے سلسلہ میں حکومت کے رویہ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس معاملہ میں منی لانڈرنگ ہوئی ہے ، لہذا رقومات کی غیر قانونی طور پر منتقلی کی جانچ کیلئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو متحرک ہونا چائے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ منی لانڈرنگ پہلو کی جانچ کریں تاکہ حقیقی خاطیوں کو بے نقاب کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سرویس کمیشن اور ریاستی حکومت نوجوانوں کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ گروپ I پریلمس امتحانی پرچہ کے افشاء کے نتیجہ میں لاکھوں امیدواروں میں مایوسی پھیل چکی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے بعد کل یکم اپریل کو ریونت ریڈی اینٹی کرپشن بیورو اور سی بی آئی عہدیداروں سے بھی نمائندگی کریں گے۔ پرچہ جات کے افشاء مسئلہ پر 3 اپریل کو راؤنڈ ٹیبل اجلاس طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پرچہ جات کے افشاء معاملہ کی مکمل جانچ اور خاطیوں کے بے نقاب ہونے تک کانگریس پارٹی احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے وہ 20 اپریل تا 10 مئی کرناٹک کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس کی مہم چلائیں گے۔ر