پرکاشم میں ٹریکٹر پر برقی تار گرنے سے 13 افراد ہلاک

,

   

امراوتی 14 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) آندھرا پردیش کے پرکاشم ضلع میں ماچاورم کے مقام پر ایک ٹریکٹر ٹرالی کے ایک برقی پول سے ٹکراجانے کے نتیجہ میں ہائی ٹنشن برقی تار ٹریکٹر پر گرپڑا جس کے نتیجہ میں 13 افراد ہلاک ہوگئے ۔ کہا گیا ہے کہ مہلوکین میں 11 زرعی مزدور خواتین بھی شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ٹریکٹر کا ڈرائیور اور ایک ہیلپر بھی مہلوکین میں شامل ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ تقریبا 30 زرعی مزدور خواتین مرچی کے کھیتوں میں کام کرنے کے بعد ٹریکٹر ۔ ٹریلر سے واپس ہو رہی تھیں کہ ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور لب سڑک ایک برقی پول سے ٹریکٹر ٹکرا گیا ۔ اس کے نتیجہ میں ایک برقی رو والا تار ٹریکٹر پر گرپڑا اور 13 افراد برقی شاک لگنے سے فوت ہوگئے ۔ دوسرے مسافرین جھلس بھی گئے ہیں۔ ریاستی وزیر بی سرینواس ریڈی ‘ رکن پارلیمنٹ ایم سرینواسلو اور جنا سینا پارٹی کے صدر پون کلیان نے غمزدہ افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے جبکہ ریاستی حکومت کی جانب سے مہلوکین کے ورثاء کیلئے فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ زرعی مزدور ماچاورم کے ساکن تھے اور راپرلہ کے کھیتوں میں کام کرنے گئے تھے ۔