لکھنؤ:18 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں گذشتہ دو دنوں سے مانسون کے دوبارہ دستک دینے اور تیز بارش کی وجہ سے گنگا ندی پریاگ راج سے بلیا تک خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں مشرقی اترپردیش میں آسمانی بجلی گرنے سے 10 افراد کی موت ہوگئی۔آبی کمیشن سے موصول اطلاع کے مطابق مدھیہ پردیش اور راجستھان میں مسلسل ہوری ہے بارش اور باندھوں سے پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے پریاگ راج میں گنگا اور جمنا ندی کے کنارے رہنے والے مکینوں کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے ۔ ضلع انتظامیہ نے رات میں کشتی چلانے پر پابندی عائد کردی ہے ۔منگل کے دن راجستھان کے گھول پور سے چنبل میں 21 لاکھ کیوسک اور کوٹہ سے پانچ لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے ۔