پرینکا کا کیلنڈر یوپی کے ہر شہراور گاؤں پہنچے گا

   


لکھنؤ: اترپردیش میں کانگریس کو نئے سرے سے منظم کرنے میں سرگرم جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی جد و جہد کی روداد کو نئے سال کے کیلنڈر کے ذریعے ہر ہر شخص تک پہنچانے کا انوکھا کام کیا جا رہا ہے ۔ پارٹی کے میڈیا کوآرڈینیٹر للن کمار نے جمعرات کو بتایا کہ نئے سال پر اترپردیش میں ہر گاؤں اور ہر شہر تک محترمہ واڈرا کی جانب سے بھیجے گئے کیلینڈر کانگریس پارٹی پہنچا رہی ہے ۔ پارٹی فی الحال اپنی تنظیمی مہم میں سرگرم ہے ۔ ریاست میں گرام پنچایت کے صدور اور بلاک سطح پر کانگریس کمیٹی کی تشکیل کا کام بہت تیزی سے چل رہا ہے۔ کانگریس کے عہدیداران تین جنوری سے اپنے زیر اثر اضلاع میں دورے پر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پرینکا گاندھی نے 10 لاکھ کیلینڈر یوپی میں بھیجے ہیں۔ نئے سال کے کیلینڈر کو ہر گاؤں اور شہر کے ہر وارڈ تک تقسیم کرنے کی ہدایت عہدیداران کو دی گئی ہے ۔ ہر ضلع اور شہر کمیٹی کے لیے اس کی آبادی کے لحاظ سے کیلینڈر دیے جا رہے ہیں۔ کیلینڈر میں یوپی کی انچارج قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے رابطہ عامہ اور جد و جہد کی تصویریں ہیں۔